مدرسہ حسینیہ جھارکھنڈ کا دارالعلوم ہے: مولانا محمد
رانچی: مدرسہ حسینیہ کڈرو رانچی میں 32 واں جلسہ دستاربندی 12 فروری 2025 کو شام 6:00 بجے سے 11:30 بجے تک مدرسہ کیمپس، عیدگاہ گراؤنڈ اور حج ہاؤس میں منعقد کیا جائے گا۔ مذکورہ باتیں مولانا محمد صاحب مہتمم مدرسہ حسینیہ کڈرو رانچی نے پریس کانفرنس میں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ حسینیہ کی 70 سالہ تاریخ میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں 830 بچوں کو ایک ساتھ دستار دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ حسینیہ مرحوم مولانا اظہر رحمت اللہ علیہ نے 1958 میں ایک بچے کے ساتھ شروع کیا تھا اور آہستہ آہستہ آٹھ قسطوں میں زمین خریدی گئی۔ پچھلی بار جلسہ 2013 میں ہوا تھا۔ جس میں 714 بچوں کو دستار دیا گیا تھا۔ اس مدرسہ میں جھارکھنڈ، بہار، اڑیسہ، مغربی بنگال اور چھتیس گڑھ کے بچے بڑی تعداد میں پڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دستار بندی کے دن مرد و خواتین کے لیے الگ الگ انتظامات ہیں۔ خواتین کے لیے عیدگاہ میدان میں ایل ای ڈی ٹی وی نصب کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ حج ہاؤس میں قیام کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ ان کے کھانے پینے کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔ جلسہ دستار بندی کے مہمان خصوصی مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند، مولانا محمود مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند، مفتی سلمان منصور پوری دیوبند، مفتی نسیم احمد بارہ بنکی، قاری احسان محسن یوپی، مولانا عبد الصمد نعمانی راورکیلا، مفتی جاوید اقبال ہوں گے۔ ساتھ ہی جھارکھنڈ حکومت کے وزراء ڈاکٹر عرفان انصاری اور حفیظ الحسن انصاری مہمان اعزازی ہوں گے۔ ان کے علاوہ شہر کے علمائے کرام اور مدرسہ شوریٰ کمیٹی کے تمام افراد شرکت کریں گے۔ مولانا محمد نے کہا کہ جلسہ کی تیاریاں زوروں پر ہے۔ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ مدرسہ کا خیال رکھیں اور مدد کریں۔